دوڈبالاپور، 24 مارچ(ایس او نیوز؍ محمد فرقان) السعدیہ انٹرنیشنل ٹورس اینڈ ٹراولس دوڈبالاپور کا افتتاح شیر کرناٹک، شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ کے دعا سے ہوا۔ موقع کی مناسبت سے منتظمین نے مدینہ مسجد میں ایک تقریب منعقد کی جس میں علماءکرام کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر موجود حالات پر مختصر خطاب کرتے ہوئے شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے فرمایا کہ جب کبھی حق آتا ہے باطل اسکے برسر پیکار ہوتا ہے۔اللہ تبارک و تعالیٰ نے جہاں حق کو پیدا کیا وہیں باطل کو بھی پیدا کیا۔ جس طرح اللہ نے آگ کو پیدا کیا گرمی پیدا کرنے کیلئے، برف کو بنایا پگھلنے کیلئے اسی طرح باطل کو پیدا کیا مٹنے کیلئے۔ ہر دور میں باطل پر حق غالب آتا ہے۔مولانا نے فرمایا کہ موجودہ حکومت کا نظام دجالی نظام ہے، انکے خون کے ہر ایک قطرے میں اسلام اور مسلمانوں سے دشمنی شامل ہے۔یہ کبھی اسلام اور مسلمانوں کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔ مولانا نے فرمایا کہ آج ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ حکومت مسلمانوں پر اتنا ظلم ڈھا رہی ہے لیکن یہ لوگ اللہ کے عذاب کا شکار کیوں نہیں ہورہے ہیں، مولانا نے فرمایا کہ مسلمان احساس کمتری کا شکار نہ ہوں اللہ کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔مولانا شا قاسمی نے فرمایا کہ اللہ باطل طاقتوں کو مہلت دیتا ہے، لیکن جیت حق کی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ اللہ نے فرعون کو، شداد کو، نمرود کو، ابو جہل کو مہلت دی لیکن انکی موت دنیا کیلئے عبرت ناک بنادی۔اسی طرح موجودہ حکومت کو بھی اللہ نے مہلت دی ہے، اسکا خاتمہ بھی عنقریب ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ رہائی کے بعد شاہ ملت کی دوڈبالاپور میں پہلی بار آمد پر انکا پرجوش استقبال کیا گیا۔شیر کرناٹک زندہ باد، شاہ ملت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا اور اللہ اکبر کی صدائیں بھی بلند ہوئی۔ جلسہ کی نظامت مولانا یونس صاحب نے کی اور اختتام شاہ ملت کے دعا سے ہوا۔